ڈانڈیلی ،30 / اپریل (ایس او نیوز) ڈانڈیلی کے ڈی ایف اے میدان میں کانگریسی امیدوار اور سابق وزیر آر وی دیشپانڈے کی انتخابی تشہیر کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے کہا بی جے پی کی ریاستی حکومت نے عوامی املاک کی جو لوٹ مچائی ہے اس رقم سے سڑکیں ، اسپتال اور تعلیمی اداروں کے قیام جیسے ترقیاتی کام انجام دے سکتی تھی ۔
پرینکا نے کہا کہ کرناٹکا میں بی جے پی نے تا حال عوام کے ڈھائی لاکھ کروڑ روپوں کی لوٹ مچائی ہے ۔ بی جے پی کے بعض لیڈران قبول کرتے ہیں کہ وہ لوگ کھلے عام لوٹ اور بد عنوانی کا ارتکاب کر رہے ہیں ۔ وہ لوگوں کو گمراہ کرنے والی سیاست پر عمل کر رہے ہیں ۔ سیاسی موقع پر اپنے مفادات پورے کرنے والے موضوعات تلاش کرتے ہیں ۔ بی جے پی والے عوام سے کہتے ہیں کہ کرناٹکا کے اقتدار کی لگام ان کے ہاتھوں میں دی جائے ۔ کوئی ان سے پوچھے تو سہی کہ گزشتہ ساڑھے تین سال سے آخر یہاں کس کی حکومت تھی ۔ اب عوام کو یہ سمجھنا چاہیے کہ کون ترقیاتی کاموں کو منصوبے بناتا ہے اور کون صرف اپنے مفادات پورے کرنے کی فکر میں رہتا ہے ۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ آج زندگی کی ضرورت کی ہر شئے مہنگی ہوگئی ہے ۔ ڈھائی لاکھ سے زیادہ سرکاری ملازمتوں کے آسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ کسانوں کو ان کی فصل کے لئے ایک طرف صحیح قیمت نہیں مل رہی ہے تو دوسری طرف فصلوں پر جی ایس ٹی وصول کیا جا رہا ہے ۔ کہیں بھی اچھے اسپتال تعمیر نہیں کیے گئے ۔ بی جے پی حکومت نے کرناٹکا میں خواتین کے لئے 24 اسکیمیں جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا ، لیکن صرف 2 اسکیمیں جاری کی گئیں ۔
پرینکا نے کہا کہ میں نے کچھ نہیں کیا مگر اندرا گاندھی نے بہت زیادہ ترقیاتی کام انجام دئے تھے ۔ جب بھی بزرگ شہری مجھ سے ملتے ہیں تو اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہیں ۔ میں اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہوں ۔ اب آپ کو یہ سوچنا اور فیصلہ کرنا چاہیے کہ کس کی حکومت بنے گی تو مہنگائی اور بد عنوانی کم ہو سکتی ہے ؟ روزگار کے مواقع مل سکتے ہیں ؟ مستقبل محفوظ ہو سکتا ہے ؟
انہوں نے کہا کہ نارائن گرو اور بسونّا کی جنم بھومی والے علاقے میں رہنے والو! سچائی کی راہ پر چلو اور حقیقت کو سمجھو ۔ اس مرتبہ کرناٹکا میں تبدیلی لاتے ہوئے بی جے پی کی لوٹ پر روک لگاتے ہوئے آپ کے اثاثے کو آپ کے ہی حق میں لانے کی ضرورت ہے ۔